۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
غزہ

حوزہ/ گزشتہ شب غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی توپ خانے اور جنگی طیاروں کے حملوں میں متعدد فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، فلسطینی ذرائع نے بدھ کی شب غزہ پٹی کے شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک پورے غزہ پر صہیونی فوج کے شدید حملوں کی اطلاع دی۔

"المیادین" نیٹ ورک نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کے جنوب میں رفح شہر کے مشرق میں "حی السلام" پر فضائی حملوں کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہید اور کچھ زخمی ہوئے ہیں۔

المیادین کے رپورٹر نے بتایا کہ غزہ کے شمال میں واقع "بیت لاھیا" کو بھی دہشت گرد صہیونی فوجیوں کی طرف سے توپ خانے کے حملوں اور بموں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

"الجزیرہ" چینل نے بھی یہ اطلاع دی ہے کہ صیہونی حکومت کے توپ خانے نے غزہ شہر کے جنوب مشرق میں "حی الزیتون" علاقے پر گولہ باری کی۔

غزہ سے الجزیرہ کے رپورٹر نے بتایا کہ غزہ کے وسط میں النصیرات کیمپ میں ابو عربان اسکول کے قریب فلسطینیوں کے اجتماع پر بمباری کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

مقامی ذرائع نے غزہ کی پٹی کے شمال میں کمال عدوان اسپتال کے قریب علاقوں میں گولہ باری کی ویڈیو بھی شائع کیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز غزہ جنگ کے 200 دن مکمل ہو چکے ہیں، ان 200 دنوں میں غزہ کے عوام پر 75000 ٹن سے زیادہ دھماکہ خیز مواد گرایا گیا ہے اور غزہ کی پٹی کو براہ راست نقصان کا تخمینہ 30 بلین ڈالر سے زیادہ لگایا جا رہا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .